ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسکائی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بھارت کو سخت پیغام دیا کہ “جو بھی ہماری خودمختاری، سالمیت یا سرزمین کی خلاف ورزی کرے گا، اس کا جواب انتہائی سخت ہوگا۔”
یہ بیان بھارت اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے تازہ اعلان کے صرف چار دن بعد سامنے آیا ہے۔
جنرل چوہدری نے خبردار کیا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان کوئی بڑی جھڑپ ہوئی تو اس کے نتائج دونوں کے لیے تباہ کن ہوں گے۔
انہوں نے کہا، “اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جنگ کے لیے کوئی جگہ نکال سکتا ہے، تو یہ دراصل خود تباہی کی راہ ہموار کرنا ہے۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری، خاص طور پر امریکہ، بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کو خطرناک سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا، “کوئی بھی سمجھدار ملک، جیسے کہ امریکہ، اس خطرناک صورتحال کو بخوبی سمجھتا ہے، اور بھارت جو کچھ کرنا چاہ رہا ہے، وہ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔”
یہ بیان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حالیہ تقریر کے بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان پر “نیوکلئیر بلیک میلنگ” کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اب بھارت دہشت گردوں اور ان کے مبینہ سرپرستوں میں کوئی فرق نہیں کرے گا۔
پاکستان کی فوجی قیادت نے بھارت کی اس جارحانہ پالیسی کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی سوچ خطے کو خطرناک راستے پر لے جا سکتی ہے۔













