امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت سمیت کئی خطوں کی صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی نیوز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی قائم رکھنا ہمیشہ ایک پیچیدہ اور کٹھن عمل ہوتا ہے، کیونکہ سیز فائر معاہدے اکثر زیادہ دیر برقرار نہیں رہتے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ امریکا نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ جیسے خطوں کے حالات پر بھی روزانہ نظر رکھتا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تنازع کو روکنے کے لیے جنگ بندی برقرار رکھی جا سکے۔
مارکو روبیو کے مطابق، جنگ بندی صرف اسی وقت ممکن ہے جب دونوں فریق لڑائی روکنے پر آمادہ ہوں۔
یوکرین اور روس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں جنگ بندی انتہائی نازک ہے اور یہ بہت تیزی سے ٹوٹ سکتی ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ یوکرین کی جنگ ساڑھے تین برس سے جاری ہے اور روس نے اب تک کسی مستقل اتفاق پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا مقصد ایک پائیدار امن معاہدے تک پہنچنا ہے تاکہ نہ صرف فی الحال بلکہ مستقبل میں بھی جنگ سے بچا جا سکے۔