امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو برطانیہ پہنچنے پر شاہی پروٹوکول کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ شاہی محل کے سامنے انہیں اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو گھوڑا گاڑیوں میں پروسیشن کے ذریعے لایا گیا، جبکہ فوجی بینڈز نے شاہی سلامی دی۔
شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کے ہمراہ ونڈسر کاسل پر ٹرمپ جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا۔ پہلے روز انہیں شاہی سلامی پیش کی گئی، جلوس نکالا گیا اور فوجی پریڈ دکھائی گئی جسے ٹرمپ اور میلانیا نے شاہی خاندان کے ہمراہ دیکھا۔
اس کے بعد شاہی محل میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا اور شاہی کلیکشن کی خصوصی نمائش بھی دکھائی گئی۔ صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے ملکہ الزبتھ دوم کی قبر پر پھول چڑھائے۔ دن کا اختتام شاندار ضیافت پر ہوا جہاں شاہ اور صدر دونوں نے خطاب کیا۔
دورے کے دوسرے روز ٹرمپ مختلف شاہی تقریبات میں شریک ہوں گے اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کریں گے، جس میں تجارتی معاہدوں، توانائی میں تعاون اور سلامتی کے معاملات پر بات ہوگی۔ علاوہ ازیں، وہ برطانوی کاروباری رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔
پورے دورے کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ لندن اور ونڈسر میں ٹرمپ مخالف مظاہرے بھی جاری ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ دورہ امریکہ اور برطانیہ کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز بن سکتا ہے۔