اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل نہ ہوا اور اسرائیل کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو فوجی کارروائی دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ چاہے امن معاہدہ برقرار رہے یا نہ رہے، اسرائیل ہر حال میں حماس کو غیر مسلح کرے گا اور غزہ کو ایک غیر عسکری علاقہ بنایا جائے گا۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکہ اور عرب ممالک کے دباؤ نے نیتن یاہو کو وقتی لچک دکھانے پر مجبور کیا ہے، تاہم اسرائیلی قیادت اب بھی مکمل عسکری کنٹرول چاہتی ہے۔
غزہ جنگ کے خاتمے کے بعد پہلی بار نیتن یاہو نے واضح طور پر کہا ہے کہ اسرائیل حماس کو کسی بھی قیمت پر دوبارہ طاقت حاصل نہیں کرنے دے گا، جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ وہ ہتھیار رکھنے کے لیے تیار نہیں۔