امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ بھارت اب روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ ٹرمپ کے مطابق وہ اس بات پر ناخوش تھے کہ بھارت روس سے تیل حاصل کر رہا ہے، تاہم اب یہ معاملہ طے پا گیا ہے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ چین کے ساتھ امریکہ کی تجارتی کشیدگی بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ حماس کو غیر مسلح کیا جائے، مگر اس مقصد کے لیے امریکی فوج کی مداخلت ضروری نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ یوکرین میں جاری جنگ ختم کرنے کی کوششیں بھی کر رہے ہیں اور اب تک آٹھ بڑی جنگوں کو رکوا چکے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے ملاقات میں کہا کہ آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائیں، کیونکہ بھارت اور پاکستان ایک وقت میں ایٹمی جنگ کے نہایت قریب پہنچ چکے تھے۔ ٹرمپ کے بقول، اُس بحران کے دوران پاک بھارت تصادم میں سات طیارے مار گرائے گئے تھے۔