بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے حالیہ دورۂ بھارت کے بعد کیا گیا، جس میں طے پایا تھا کہ بھارت اپنے موجودہ تکنیکی مشن کو مکمل سفارتخانے میں تبدیل کرے گا۔
رپورٹوں کے مطابق بھارت کابل میں اپنے مشن کے سربراہ کو “چارج ڈی افیئرز” کے طور پر مقرر کرے گا، اور بعد ازاں مستقل سفیر کی تعیناتی کی جائے گی۔ اسی دوران طالبان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر تک اپنے دو سفارت کار نئی دہلی بھیجے گی جو وہاں افغان سفارتخانے میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اگرچہ بھارت نے تاحال طالبان حکومت کو رسمی طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان محدود سفارتی رابطوں کی بحالی کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت نے اگست 2021ء میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھا، لیکن جون 2022ء میں تحفظ کی گارنٹی کی یقین دہانی کے بعد وہاں ایک تکنیکی مشن دوبارہ قائم کیا گیا تھا۔