اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے اعلان کیا ہے کہ حماس کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری مغوی کی لاش واپس نہیں لائی جاتی۔
جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل کے جنگی عزائم برقرار ہیں، اور آرمی چیف کا کہنا ہے کہ غزہ میں کارروائیاں مکمل ہونے تک فوج اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج مستقبل کی سمت بڑھ رہی ہے لیکن ماضی کے زخم اب بھی اس کے کندھوں پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے زور دیا کہ گزشتہ تجربات سے سبق حاصل کرنا اور ان سے سیکھنا ہماری اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے، اور ہم یہ کام حوصلے اور عزم کے ساتھ انجام دیں گے۔
فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ ابھی جاری ہے، ہمارا مقصد مغویوں کی بازیابی اور حماس کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔













