افغان طالبان حکومت نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
اسلامی امارت افغانستان کی وزارتِ خارجہ نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے اور وانا کے ایک تعلیمی مرکز پر حملہ نہایت افسوسناک اور المناک واقعات ہیں جن میں بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔ افغان حکومت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسلامی امارت افغانستان دہشت گردی کی ہر قسم کی کارروائی کی مذمت کرتی ہے اور اسے اسلام اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی سمجھتی ہے۔ وزارتِ خارجہ نے زور دیا کہ اس طرح کے واقعات سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات متاثر نہیں ہونے چاہییں بلکہ ان کے سدباب کے لیے باہمی تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو فروغ دینا ضروری ہے۔
افغان وزارتِ خارجہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، اور پاکستان سمیت پورے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔












