امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ نے بھارت کو نئی دہلی میں حالیہ دھماکے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی، تاہم بھارت اس نوعیت کی تحقیقات کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور اسے ہماری مدد کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک مضبوط تحقیقاتی ڈھانچہ رکھتا ہے اور ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے اس کے اپنے ادارے کافی مؤثر ہیں۔
اونٹاریو، کینیڈا میں منعقدہ جی سیون اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے خلیجی خطے سے متعلق امور پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے آئندہ ہفتے واشنگٹن کے دورے کے دوران امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان متعدد اہم معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔
روبیو کے مطابق دونوں ممالک کئی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، تاہم کچھ نکات ایسے ہیں جنہیں اب بھی حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور سعودی ولی عہد کی ملاقات دوطرفہ تعلقات میں نئی پیش رفت کا سبب بن سکتی ہے۔











