تہران کی تشویش، پاک۔افغان کشیدگی پر روس اور قطر سے اہم رابطے

[post-views]
[post-views]

پاک۔افغان کشیدگی کے تناظر میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے قطر اور روس کے ہم منصبوں سے رابطے کیے ہیں۔ ایرانی اور قطری وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور قطری وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے علاقائی ممالک کی مسلسل، مثبت اور مصالحتی کوششیں نہایت اہم ہیں۔ گفتگو کے دوران غزہ کی موجودہ صورتِ حال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

دوسری جانب روسی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پاکستان و افغانستان کے درمیان اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ روسی وزارت کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسلسل بات چیت کا جاری رہنا ضروری ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں پر تشویش ظاہر کی اور علاقائی امن کے تحفظ کے لیے تعمیری اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ خطے کے ممالک کے درمیان مذاکرات اور تعاون بڑھانا ہی مسائل کے پائیدار حل کا راستہ ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos