بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف مقدمے کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چل رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ استغاثہ نے شیخ حسینہ کے لیے سزائے موت کی درخواست کی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2024 میں طلبہ تحریک کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دیے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ جان سے گئے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق ان مظاہروں کے دوران 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ فیصلے سے پہلے ملک میں پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
عوامی لیگ نے اس مقدمے کے خلاف پورے ملک میں ’لاک ڈاؤن‘ کا اعلان کیا ہے۔ اسی وجہ سے کشیدگی کے ماحول میں حکومت نے اضافی حفاظتی انتظامات کر دیے ہیں اور دارالحکومت میں 400 فوجی تعینات کر دیے ہیں۔












