ایران کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 22 نومبر 2025 سے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری ختم کر رہی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ہر بھارتی شہری کو ایران کا سفر کرنے یا ایرانی ایئرپورٹس کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرنے کے لیے پہلے سے ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ نے اس حوالے سے تازہ ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ہائی جیکنگ، جعلی ملازمتوں اور انسانی اسمگلنگ جیسے خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ عام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا ڈسکلیمر ختم کرنے کا مقصد ان عناصر کو روکنا ہے جو پچھلی پالیسی کا فائدہ اٹھا کر مسافروں کے ساتھ بدسلوکی کرتے تھے۔
ایڈوائزری میں بھارتی شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور ایسے ایجنٹس سے دور رہیں جو ویزا فری سفر یا ایران کے راستے کسی تیسرے ملک تک پہنچانے کا جھانسہ دیتے ہیں۔ وزارت نے یہ بھی بتایا کہ متعدد بھارتی شہریوں کو جھوٹی ملازمتوں یا آگے سفر کے وعدوں پر ایران لے جایا گیا اور سابقہ ویزا فری سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی افراد کو اغوا کر کے تاوان کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
نئے ضوابط کے مطابق اب بھارتی مسافروں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ کسی بھی پرواز میں سوار ہونے سے پہلے باقاعدہ طور پر ایرانی ویزا کے لیے درخواست دیں اور اسے حاصل کریں۔












