ابوظبی میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے دو روزہ روس-یوکرین مذاکرات بغیر کسی نمایاں پیش رفت کے اختتام کو پہنچے۔ مذاکرات کے دوران روسی اور یوکرینی حکام کے درمیان براہِ راست بات چیت ہوئی، تاہم کوئی حتمی معاہدہ طے نہ پایا۔
اماراتی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ بات چیت مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں امریکہ کی جانب سے پیش کیے گئے امن فریم ورک کے مختلف نکات پر غور کیا گیا۔ فریقین نے سنجیدگی اور احترام کے ساتھ اپنے مؤقف پیش کیے۔
روسی وزارتِ خارجہ اور یوکرینی صدر نے آئندہ مذاکرات میں شرکت کی رضامندی ظاہر کی ہے۔ یوکرینی صدر کے مطابق ابوظبی میں ہونے والی گفتگو تعمیری رہی اور اگر یہ پیش رفت جاری رہی تو ایک ہفتے کے اندر مزید مذاکرات متوقع ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے بھی مذاکرات کو مفید قرار دیا۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ دو روزہ بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور تنازع کے حل میں دلچسپی واضح تھی۔
امریکہ کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آئندہ اتوار ابوظبی میں ہوگا، جس میں یوکرین امن معاہدے کو حتمی مرحلے تک پہنچانے پر توجہ مرکوز ہوگی۔













