امریکی سینیٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے رکن اور ڈیموکریٹک سینیٹر کرس مرفی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
کرس مرفی نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ میں کنٹرول کھو چکے ہیں اور ان کی پالیسیوں میں گھبراہٹ واضح ہے۔ انہوں نے اس سے قبل ایران کے خلاف فوجی اقدامات کو “ٹرمپ کی احمقانہ جنگ” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس کے اثرات امریکی معیشت پر شدید منفی پڑ رہے ہیں۔
اسی دوران، سابق امریکی وزیر دفاع لیون نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایک مشکل صورتحال میں پھنس چکے ہیں، جہاں آگے چٹان اور پیچھے کھائی ہے۔ سابق امریکی وزیر دفاع لیون نے واضح کیا کہ نیشنل سیکیورٹی حکام ایران کی جانب سے ہرمز کو بند کرنے کی صلاحیت سے مکمل آگاہ تھے۔
سابق وزیر دفاع نے مزید کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے نتائج توقع کے مطابق نہیں نکلے اور اب ایران کے راستے کھولنے کے لیے صرف فوجی کارروائی باقی رہ گئی ہے، جو جانی اور مالی لحاظ سے انتہائی مہنگی ثابت ہو سکتی ہے۔ بصورت دیگر، ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ناکامی یقینی ہے۔










