Premium Content

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کسی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر

Print Friendly, PDF & Email

کراچی بلدیاتی انتخابات میں ووٹر لسٹوں سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ریمارکس دیے ہیں کہ شہر قائد میں انتخابات کسی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ نومبر کے مہینے میں الیکشن کمیشن پاکستان نے 15 جنوری 2023 کو کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا جب کہ اس سے قبل 18 اکتوبر کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات تیسری مرتبہ ملتوی کردیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: https://republicpolicy.com/karachi-ma-15-january-ko-baldiyati-intakhabat/

کراچی بلدیاتی انتخابات میں ووٹر لسٹوں سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 29 اپریل کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا تھا، دو مرتبہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کیا گیا، دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لیے پرانی ووٹر لسٹ کا استعمال خلاف قانون ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اس مرتبہ ایشو پرانی ووٹر لسٹ ہے، اس سے پہلے حلقہ بندی پر بھی ایم کیو ایم عدالتوں میں جاتی رہی، ایم کیو ایم تمام ایشوز کو ایک ساتھ ہی کیوں نہیں سامنے لاتی؟ کوئی اور بھی ایشو ہے تو سامنے لے آئیں ایک ساتھ ہی فیصلہ کر دیں گے۔ ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن نئی فہرستوں پر ہونے چاہئیں، پرانی پر نہیں، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے جنرل الیکشن اور اس سے قبل ضمنی انتخابات بھی انہی فہرستوں پر لڑے ہیں، اپنی درخواست پر آئیں، ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں۔

ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد آئینی ادارہ ہے، کورٹ الیکشن کمیشن کو احکامات نہیں دے سکتا، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ غلط بیانی کر رہے کہ 2 الیکٹورل رولز استعمال ہوئے ہیں، آپ کے ابھی تک کے دلائل میں کوئی جواز نہیں تھا، ہم باقی فریقین کو سننے کے بعد آپ کو دوبارہ سنیں گے۔

اس دوران سندھ حکومت نے درخواست پر دلائل دینے کے لیے الیکشن کمیشن سے آئندہ ہفتے تک کا وقت مانگا تو کمیشن نے عدم تیاری پر سندھ حکومت کے دلائل کا حق ختم کر دیا۔

جماعت اسلامی کے نمائندے نے کہا کہ ہر ممکن کوشش ہو رہی ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں، انہوں نے الیکشن کمیشن سے استدعا کہ 15 جنوری کو ہر صورت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ کراچی بلدیاتی انتخابات کسی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos