فیض احمد فیض (13 فروری 1911 – 20 نومبر 1984) ایک پاکستانی شاعر، اور اردو میں مصنف تھے۔ وہ پاکستان میں اردو زبان کے سب سے مشہور ادیب تھے۔ ادب سے باہر، انہیں”ایک انسان کا وسیع تجربہ” کے طور پر بیان کیا گیا ہےـ کیوں کہ انہوں نے بطور ایک استاد، ایک آرمی آفیسر، صحافی اور ایک براڈکاسٹر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیے ہیں ـ
فیض احمد فیض بنیادی طور پر رومانی شاعر ہیں۔ رومانیت ان کی فطرت ہے۔ وہ زندگی کی الجھنوں پریشانیوں اور تلخیوں کا سامنا اک حساس شاعر کی طرح کرتے ہیں لیکن نہ بغاوت پر اترتے ہیں اور نہ نعرے لگاتے ہیں بلکہ ان تلخیوں کو سہتے ہوئے اس زہر کو امرت بنا دیتے ہیں۔ وہ ایک عہد ساز شاعر تھے اور ایک پورے عہد پر اثرانداز ہوئے۔ ان کی شاعری میں کئی اردو، انگریزی شعرا کی گونج سنائی دیتی ہے لیکن آواز ان کی اپنی ہے۔ وہ اس لحاظ سے ترقی پسند شعرا کے میر کارواں ہیں کہ انھوں نے جدید عہد کے تقاضوں سے اپنی شاعری کو ہم آہنگ کیا۔ ان کی غزلوں میں ایک نیا لب و لہجہ اور نیا تصور عشق ملتا ہے۔ اس میں اک نئی کیفیت کے ساتھ ساتھ تازہ احساس اوراک خاص ولولہ ملتا ہے جس میں تازگی اور شگفتگی ہے۔
تمہاری یاد کے جب زخم بھرنے لگتے ہیں
کسی بہانے تمہیں یاد کرنے لگتے ہیں
حدیث یار کے عنواں نکھرنے لگتے ہیں
تو ہر حریم میں گیسو سنورنے لگتے ہیں
ہر اجنبی ہمیں محرم دکھائی دیتا ہے
جو اب بھی تیری گلی سے گزرنے لگتے ہیں
صبا سے کرتے ہیں غربت نصیب ذکر وطن
تو چشم صبح میں آنسو ابھرنے لگتے ہیں
وہ جب بھی کرتے ہیں اس نطق و لب کی بخیہ گری
فضا میں اور بھی نغمے بکھرنے لگتے ہیں
در قفس پہ اندھیرے کی مہر لگتی ہے
تو فیضؔ دل میں ستارے اترنے لگتے ہیں