الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ پیر سے ایس ایم ایس سروس 8300 مفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اعلان الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نگہت صادق اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ایف ایم نیٹ ورک کے ٹاک شو ’فورم‘ میں شرکت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹرز اپنے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر کو 8300 پر بھیج کر اپنے حلقوں اور پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات چیک کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ پولنگ اسٹیشن پر لانا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن حکام نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے پر بھی ووٹ ڈالا جا سکتا ہے اورنئے شناختی کارڈ کے لیے جاری کردہ ٹوکن پر بھی ووٹ ڈالا جا سکتا ہے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
ای سی پی حکام نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک طریقہ کار موجود ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ای سی پی نگہت صادق نے کہا کہ انتخابات کی نگرانی کے لیے بڑی تعداد میں بین الاقوامی مبصرین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ای سی پی کے ترجمان سید ندیم حیدر نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابی نتائج کی تکمیل کے لیے وقت مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران صبح 2 بجے تک انتخابی نتائج الیکشن کمیشن کو بھیجنے کے پابند ہیں۔ تاخیر کی صورت میں ریٹرننگ افسر پریزائیڈنگ افسر سے تاخیر کی وجہ دریافت کر کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابی نتائج کو اگلے دن صبح 10 بجے تک حتمی شکل دے دی جائے۔