پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری پاکستان کے 14ویں صدر منتخب ہو گئے۔
آصف علی زرداری نے سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے چار سو گیارہ ووٹ حاصل کیے۔ان کے حریف سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کیے۔
اسلام آباد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے الیکشن میں آصف علی زرداری نے 255ووٹ حاصل کیے جب کہ محمود خان اچکزئی نے 119 ووٹ حاصل کیے۔
پنجاب اسمبلی میں آصف زرداری نے 246 ووٹ حاصل کیے جبکہ اچکزئی 100 ووٹوں کے ساتھ پیچھے رہے۔
سندھ اسمبلی کے نتائج کے مطابق آصف علی زرداری نے 151 اور محمود خان اچکزئی کو9 ووٹ ملے۔
بلوچستان اسمبلی میں آصف علی زرداری کو 47ووٹ ملے جبکہ ان کے حریف ایک ووٹ بھی حاصل نہ کر سکے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں آصف علی زرداری نے 17 اور محمود خان اچکزئی نے 91 ووٹ حاصل کیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری ملکی پارلیمانی تاریخ میں دوسری بار صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے۔26 جولائی 1955 کو کراچی میں پیدا ہونے والے آصف علی زرداری پاکستانی سیاست دان حاکم علی زرداری کے بیٹے ہیں۔
زرداری نے 2008 سے 2013 تک پاکستان کے 11ویں صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور وہ پہلے سیاست دان تھے جنہوں نے اپنی مدت پوری کی۔
وہ اگست 2018 سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں۔
اٹھارویں ترمیم کے تحت، آصف علی زرداری نے پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنے اور صوبائی خودمختاری کو تقویت دینے، سیاسی مفاہمت کو فروغ دینے، میڈیا کی آزادی پر محیط پالیسیوں میں مدد کرنے، پاکستان کے توانائی کے شعبے کو بحال کرنے، اور پاکستان کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے کھولنے کے لیے صدارتی اختیارات دیے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.