ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر کریش کر گیا۔
ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد صدر رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایرانی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں تمام مسافروں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔
اس سے پہلے ایرانی ریڈ کری سینٹ کے سربراہ نے بھی کہا تھا کہ صورتحال اچھی نہیں ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرچ ٹیمیں ایرانی صدر کے تباہ ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک پہاڑی سے ملا ہے۔
دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چین نے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے عملے کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، تمام ضروری تعاون فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں شدید دھند کے دوران پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے پیش آيا۔
حادثہ اس وقت پیش آيا جب ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، ڈیم کی افتتاحی تقریب میں آذربائیجانی صدر نے بھی شرکت کی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.