اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے خلیجی ممالک کے تاجروں کے لیے ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی ہے۔
اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹے کے اندر آن لائن ویزے جاری کیے جائیں گے۔ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ان 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سےچھوٹ دی جائے گی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ویزے کے نظام میں نرمی سے پاکستان کو سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے پرکشش مقام بنانے میں مدد ملے گی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
انہوں نے مزید کہا کہ تیسرے ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن ارائیول سہولت کے تحت ذیلی زمرہ کی منظوری دی گئی ہے، جس کا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی اعلان کیا کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر الیکٹرانک گیٹ کا ای سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ویزا پالیسی میں نرمی سے معاشی استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے مقدس مقامات اور گلگت بلتستان سمیت شمالی علاقہ جات سیاحوں کے لیے خاص تصور کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی ویزا نظام کے نفاذ کی نگرانی کے لیے وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا۔ یہ ڈیش بورڈ ویزا فری انٹری، بزنس ویزا کی فہرستوں، اور آمد پر سیاحتی ویزوں کی نگرانی کرے گا، اور باقاعدہ جائزہ رپورٹس فراہم کرے گا۔
انہوں نے نئی ویزا نظام کے حوالے سے وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ ڈویژنوں کی کارکردگی کو سراہا۔