امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں حماس کو شدید انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے حوالے سے اب مزید گنجائش باقی نہیں رہی۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کے تمام فریقین چاہتے ہیں کہ یہ تنازع ختم ہو اور یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، لیکن اس کے لیے لازمی ہے کہ تمام فریق شرائط کو تسلیم کریں۔
ٹرمپ کے مطابق اسرائیلی قیادت پہلے ہی ان کی پیش کردہ شرائط پر آمادگی ظاہر کر چکی ہے، اب یہ ذمہ داری حماس پر عائد ہوتی ہے کہ وہ بھی انہیں قبول کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حماس نے شرائط تسلیم نہ کیں تو اسے شدید اور خطرناک نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
اپنے سخت لب و لہجے میں امریکی صدر نے مزید واضح کیا کہ یہ ان کی جانب سے حماس کے لیے آخری وارننگ ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس کے بعد کوئی نئی وارننگ یا رعایت نہیں دی جائے گی، اور دنیا کو نتائج دیکھنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔