دو ہفتے میں عمران خان کو رہا نہ کیا تو خود رہا کریں گے: علی امین گنڈاپور 

[post-views]
[post-views]

اسلام آباد کے علاقے سنگ جانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسے سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور  نے عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت کو ڈیڈ لائن دے دی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگ جانی میں جلسے کا انعقاد کیا جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جلسے میں شرکت کے لیے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بڑی تعداد میں قافلے پہنچے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا سینکڑوں گاڑیوں، ہیوی مشینری اور ہزاروں کارکنوں پر محیط قافلہ سنگ جانی انٹر چینج سے ہوتا ہوا جلسہ گاہ پہنچا تو شرکا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سپریم کورٹ سے پوچھتا ہوں کہ آپ نے جو فیصلہ کیا اور این آر او دیا، این آر او دینے کا 25 کروڑ عوام کو کیا فائدہ ہوا؟ آئین کی پاسداری نہ کی گئی، قانون کو توڑا گیا، انہوں نے کہا کہ جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ہم یہ جہاد کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ہمارا ہزاروں ارب روپیہ لوٹنے کے بعد این آر او کون دے رہا ہے، این آر او دینے والے ہار چکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت چکا ہے، تم ذلیل ہو رہے ہو، اس کو جیل میں عزت مل رہی ہے، ہم عمران خان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کیونکہ وہ حق کی بات کررہا ہے، آج تو ہم جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھا کر جہاد کررہے ہیں لیکن اگر ظلم بند نہ ہوا تو ہم اپنی جان سے جہاد کریں گے۔

Pl, subscribe to the YouTube channel of republicpolicy.com

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منہ زبانی کہنے سے کہ تم سیاست نہیں کرتے کچھ نہیں ہوتا، سیاست تو کر ہی تم رہے ہو، کسی اور کو تو چھوڑ ہی نہیں رہے ہو۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں آج سن رہا تھا کہ خواجہ آصف کہہ رہا تھا کہ جنرل فیض حمید نے ریٹائرمنٹ کے بعد رابطے رکھے، کیا جنرل فیض حمید ہمیں جہیز یا وراثت میں ملا تھا، تمہارا جنرل تھا، اپنا ادارہ ٹھیک کرو، اپنے جرنیل ٹھیک کرو، اپنے آپ کو ٹھیک کرو۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنرل فیض کو ڈی جی سی اور ڈی جی آئی ہم نے بنایا، اب غلط کرے ہمارے کھاتے میں اور اچھا کرے تو تمہارے کھاتے میں، اپنے ادارے کی اصلاح کرو، اگر تم نے فوج کو ٹھیک نہ کیا تو ہم کریں گے، یہ ہماری فوج ہے اور اس میں ہمارے بھائی ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ این او سی ہو یا نہ ہو، اگلا جلسہ لاہور میں ہو گا۔

Pl, subscribe to the YouTube channel of republicpolicy.com

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کے وکلا نے بتایا کہ ان کے کیس ختم ہو چکے ہیں، ایک سے دو ہفتے میں عمران خان رہا نہ ہوا خدا کی قسم تو ہم عمران خان کو بھی خود رہا کریں گے، میں آپ کی قیادت کروں گا اور پہلی گولی میں کھاؤں گا، اب پیچھے مت ہونا کیونکہ اگر ہم پیچھے ہٹے تو نہ دوبارہ ایسا موقع ملے گا نہ دوبارہ ایسا لیڈر ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان جلد رہا ہو گا اور کوئی رکاوٹ بنا تو میرے پاس بھی کئی لوگوں کے کیس پڑے ہیں، ان سب کو ہتھکڑیاں لگا کر گھسیٹوں گا، پختونخوا میں عمران خان کی حکومت ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، علی محمد خان، حماد اظہر، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos