انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے اصل شیڈول کے مطابق ہی کھیلا جائے گا اور بنگلادیش کے میچز بھارت میں ہی ہوں گے۔
آئی سی سی کے بیان میں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ بورڈ کی میٹنگ میں سیکیورٹی کے جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔ جائزے کے مطابق بنگلادیش کے کھلاڑی، آفیشلز، میڈیا پرسنز اور شائقین بھارت کے کسی بھی مقام پر محفوظ ہیں۔
بورڈ ممبران نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے قریب شیڈول تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے بھارت میں انتہا پسند دھمکیوں اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ اس کے میچز کسی اور ملک میں منتقل کیے جائیں۔













