پاکستان اور امریکا کی باہمی تجارت میں 16 فیصد کا نمایاں اضافہ

[post-views]
[post-views]

پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارت میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے مطابق تجارتی حجم 16 فیصد بڑھ کر 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق، اس دوران پاکستان نے امریکا کے ساتھ 4 ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی سرپلس حاصل کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران پاکستان کی امریکا کو برآمدات کا حجم 5 ارب 83 کروڑ ڈالر رہا، جو پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ دوسری جانب، امریکا سے پاکستان کی درآمدات ایک ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

دستاویز کے مطابق، امریکا کو پاکستان کی بڑی برآمدات میں بستر، میز، ٹوائلٹ اور کچن کی چادریں شامل ہیں جن کا حجم 1.038 ارب ڈالر رہا۔ مردانہ سوٹ، جیکٹ اور ٹراؤزر کی برآمدات 936 ملین ڈالر، ٹی شرٹس کی برآمدات 36 کروڑ 10 لاکھ ڈالر، جبکہ جرسیوں اور پل اوورز کی برآمدات 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہیں۔

چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور خواتین کے ملبوسات کی برآمدات 15 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں۔ درآمدات میں سب سے زیادہ حصہ روئی کا رہا، جس کا حجم 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔

امریکا سے دیگر اہم درآمدات میں لوہے اور اسٹیل کے اسکریپ کی تقریباً 16 کروڑ ڈالر، سویابین 13 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، کوئلہ 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، کمپیوٹر مشینز 4 کروڑ ڈالر، پیٹرولیم آئل 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، الیکٹرو میڈیکل آلات 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، اور خشک میوہ جات 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر شامل ہیں۔

مزید برآں، پاکستان نے امریکا کو دو طرفہ زیرو ٹیرف تجارتی معاہدے کی پیشکش بھی کی ہے تاکہ مستقبل میں تجارتی تعلقات مزید فروغ پا سکیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos