چین کی وزارتِ تجارت نے واضح کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ ٹیرف (محصولات) کے معاملے پر کسی تصادم کی خواہش نہیں رکھتی، تاہم اگر واشنگٹن نے تجارتی محاذ آرائی کو بڑھایا تو بیجنگ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق وزارتِ تجارت نے اپنے بیان میں کہا کہ چین امریکی اقدامات کا بھرپور مقابلہ کرے گا اور اپنی معاشی و قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی حکومت کی جانب سے چینی برآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تناؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اگر امریکا اس منفی رویے پر قائم رہا تو چین جوابی اقدامات کے ذریعے اپنے مفادات کا دفاع کرے گا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ چین کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، مگر امریکی مفادات کو ہر صورت مقدم رکھیں گے۔