امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن کے میئر صادق خان پر ایک بار پھر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں دنیا کے بدترین میئرز میں شمار کیا ہے۔ طیارے میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ صادق خان کو شروع ہی سے پسند نہیں کرتے اور اسی وجہ سے انہیں شاہی ضیافت میں مدعو نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صادق خان شاید تقریب میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن وہ نہیں چاہتے تھے کہ انہیں وہاں دیکھیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ لندن میں جرائم کی شرح خطرناک حد تک بلند ہے اور اس کی بڑی ذمہ داری میئر صادق خان پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق لندن کے حالات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ خان اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
امریکی صدر نے صادق خان کی امیگریشن پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اس حوالے سے بھی ایک ’’آفت‘‘ ثابت ہوئے ہیں۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ خان کی پالیسیوں نے لندن میں مسائل کو کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں بھی کچھ ناکام میئرز ضرور موجود ہیں لیکن صادق خان بدانتظامی اور ناقص پالیسیوں کی ایک نمایاں مثال ہیں۔