مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل کو منعقد ہوگا، جس میں ذوالحجہ کے چاند کی رویت کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ چاند نظر آنے کی بنیاد پر پاکستان میں عیدالاضحیٰ کی سرکاری تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔
اگر 27 مئی کو چاند نظر آ گیا، تو عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی۔ لیکن اگر چاند بدھ کو نظر آیا، تو عیدالاضحیٰ ہفتہ 7 جون کو ہوگی۔
ادھر ایمرٹس ایئرلائن نے حج اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر 46 اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
سپارکو (خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن) کے مطابق، پاکستان میں عیدالاضحیٰ ممکنہ طور پر 7 جون 2025 کو منائی جائے گی۔ ادارے نے ایک بیان میں بتایا کہ فلکیاتی ماڈلز کے مطابق ذوالحجہ کا نیا چاند 27 مئی 2025 کو رات 8 بج کر 2 منٹ پر پیدا ہوگا۔
حج کا آغاز 8 ذوالحجہ سے ہوتا ہے اور 13 ذوالحجہ تک جاری رہتا ہے۔ اس سال حج کی ادائیگی 4 جون سے 9 جون کے درمیان متوقع ہے۔













