اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایگزیکٹو سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی تقرریوں سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے نوٹیفکیشن کی معطلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ای سی پی کے سیکرٹری کا آج سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات کا امکان ہے۔ ای سی پی کے سیکرٹری اور ڈی جی لاء صورت حال سے باضابطہ طور پر سپریم کورٹ رجسٹرار کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی پی آفس میں اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
ملاقات کے دوران ای سی پی کی قانونی ٹیم نے تجویز دی کہ ای سی پی سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کے 8 فروری کے عام انتخابات کو بیوروکریسی کے ذریعے کرانے کا 11 دسمبر کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔
دریں اثنا، ای سی پی نے قانونی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی جاری ٹریننگ معطل کردی۔
ای سی پی کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ای سی پی کا 11 دسمبر 2023 کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا، جس میں 142 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز)، 859 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) اور ایگزیکٹو سے ریٹرننگ افسران کی تقرری سے متعلق تھا۔