راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے خلاف فیصلے اوپر سے لکھوائے جا رہے ہیں۔
جمعرات کو کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب پتلے ہیں، ہمارے خلاف فیصلے اوپر سے لکھوائے جا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں ابھی پتہ چلا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو رات گئے بنی گالہ منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کو رات کو کمبل بھیجا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گھر جانے کے لیے نہ کسی کو درخواست دی نہ رعایت مانگی۔
عمران خان نے کہا کہ جس کو بنیاد بنا کر انہیں سزا سنائی گئی وہ وہ پریس کانفرنس میں عوام کو دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے متنازع فیصلے دے کر یہ ملٹری کورٹس بنارہے ہیں۔ یہ ان کے فیصلے نہیں، یہ نظام انصاف کو تماشہ بنارہے ہیں۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی ڈیل نہیں کی۔ عمران خان نے کہا کہ میں نے کیا ڈیل کرنی ہے؟ رابطے کرنے والے رابطے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں باریاں لینے کے لیے سیاست میں نہیں آیا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو ان کے خلاف مقدمات میں شامل کیا گیا تاکہ انہیں بدنام کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہار والے معاملے سے بشریٰ بی بی کا سرے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہار توشہ خانہ کی نہیں تھی، سعودی سفیر نے خود ان کے گھر پہنچایاتھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود یہ ہار توشہ خانہ میں جمع کرایا۔
دوسری جانب، بشریٰ بی بی نے کہا کہ انہیں جیل جانے سے کوئی ڈر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی ڈیل نہیں چاہیے۔ جس نے جو بھی ڈیل کرنی ہے وہ عمران خان سے بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جیل میں رہنے سے کوئی مسئلہ نہیں۔ ابھی میرے گھر کو سب جیل قرار دینے کا آرڈر منسوخ کریں اور مجھے اڈیالہ جیل میں ڈال دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دھوکے سے بنی گالہ لے جایا گیا۔