تہران: سائنسدانوں نے اروما تھراپی (معالجاتی خوشبویات) کی اہمیت پر تحقیق کے بعد کہا ہے کہ دفاتر اور مصروف کاروباری جگہوں پر اگر تناؤ کا سامنا ہو تو ایک سادہ نسخہ آزما کر مزاج بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے دفتر میں گلاب کے عطر کی ایک شیشی رکھنا ہوگی۔
اس ضمن میں مصروف ترین ہسپتالوں میں کام کرنے والے نرسوں کے گلے میں عطر والے لاکٹ پہنائے گئے جس سے گلاب کی خوشبو کے بخارات ان کی ناک تک پہنچ رہے تھے۔ عطر والا ہار پہننے والی نرسوں نے بتایا کہ کام کے دوران کا ذہنی تناؤ کم ہوکر صرف دسویں حصے کے برابر رہ گیا۔ عطرکو جتنا سونگھا گیا ان کا اسٹریس اتنا ہی کم ہونا شروع ہوا۔
ایران میں جامعہ سمنان برائے طبی تحقیق کے ماہرین نے سینکڑوں برس سے آزمودہ عطرِ گلاب کے انسانی تجربات کئے ہیں اور انہیں ڈپریشن اور ذہنی تناؤ میں بہت بہتر پایا ہے۔ ان کے مطابق عطرِ گلاب دردِ سر، اعصابی تناؤ اور دیگر امراض میں بھی بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ دوسری جانب خود ایران میں اعلیٰ معیار کا عطرِ گلاب بھی بنایا جاتا ہے۔
اگرچہ بعض مطالعات سے اس کے خاص فوائد نہیں ملے لیکن جامعہ سمنان کے محسن ایمادی خلف اور ان کے ساتھیوں نے ایران کے دو مصروف ترین ہسپتالوں میں 118 نرسوں اور ڈاکٹروں پر اس عطر کو آزمایا ہے۔ تمام رضاکاروں کو تین حصوں میں بانٹا گیا۔
ان میں ایک گروپ کو تلوں کا تیل، دوسرے کو لیونڈر عطر اور تیسرے گروپ کو عطرِ گلاب لگایا گیا۔ اس کے لیے ایک خاص ٹیوب میں نصف ملی لیٹر تیل بھرکر گلے میں پہنایا گیا تاکہ اسٹاف اسے سونگھتے رہیں۔ اس کے بعد شرکا سے سوالنامے بھروائے گئے۔
جن افراد کو گلاب کا عطر دیا گیا ان کےتناؤ میں بہت کمی واقع ہوئی اور انہوں نے کام کے تلخ تجربات کے دوران بھی مسرور انداز میں کام کیا۔ ماہرین کے مطابق گلاب کے عطر کے مثبت افراد دو ہفتے بعد ہی سامنے آنے لگتے ہیں۔