مسقط میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اپنے طے شدہ دور کو مکمل کر چکے ہیں، اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مذاکرات کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا کہ مسقط مذاکرات کے دوران ماحول مثبت رہا، اور ایرانی وفد نے قومی مفادات اور عوامی حقوق کو اولین ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں اعتماد کی کمی ایک اہم رکاوٹ بنی ہوئی ہے، جو مذاکرات کو آگے بڑھانے میں چیلنج ہے۔
عراقچی نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات اسی موجودہ انداز میں جاری رہیں تو آئندہ اجلاسوں میں واضح اور مؤثر مذاکراتی فریم ورک ترتیب دیا جا سکتا ہے، جو بات چیت کو مزید نتیجہ خیز بنائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مذاکرات کے آئندہ مرحلے کی تاریخ عمانی وزیر خارجہ کے ساتھ مشاورت کے بعد طے کی جائے گی۔









