ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کی طرف سے مضبوط ضمانتیں دی جائیں کہ مستقبل میں دوبارہ حملہ نہیں کیا جائے گا تو وہ جاری جنگ ختم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر پزشکیان نے یورپی کونسل کے صدر انٹونیو کوسٹا سے ٹیلی فون پر گفتگو میں بتایا کہ ایران پر حملے بند کیے جائیں تو حالات معمول پر آ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی کشیدگی یا جنگ کا آغاز نہیں کیا اور اگر مطلوبہ شرائط پوری کی جائیں، خاص طور پر مستقبل میں حملے روکنے کے لیے ضمانتیں دی جائیں، تو ایران جنگ ختم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور ان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کبھی نہیں کی، تاہم امریکی اڈوں پر حملہ کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں رہا، کیونکہ حملہ آور ممالک اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے۔
انہوں نے یورپی یونین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرنے میں ناکام رہی ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مسعود پزشکیان نے زور دیا کہ ایران کے خلاف رویہ تبدیل کرنے کے بجائے یورپی یونین کو اپنی پالیسیاں بین الاقوامی قانون اور دیگر فریقین کے ساتھ تعمیری تعامل کے مطابق ترتیب دینی چاہئیں۔





