ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے ایران۔امریکا مذاکرات سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں ایرانی وفد کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ جس طرح جنگ کے دوران پوری قوم نے اپنی مسلح افواج کا ساتھ دیا، اسی طرح آج بھی قوم اپنی مذاکراتی ٹیم کے پیچھے متحد ہے اور اس کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکراتی ٹیم کو مکمل اعتماد اور اختیار کے ساتھ ذمہ داری نبھانی چاہیے، کیونکہ یہ قومی مفاد سے جڑا ایک اہم مرحلہ ہے۔ ان کے مطابق جس طرح جنگ میں شامل اہلکاروں نے قربانی دی، اسی طرح سفارتی محاذ پر کام کرنے والے نمائندے بھی قوم کی بھرپور حمایت کے مستحق ہیں۔
نائب صدر نے مزید کہا کہ اگر ایران اسلام آباد میں امریکا فرسٹ کے نمائندوں کے ساتھ تعمیری مذاکرات کرے تو ایسا معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم اگر فریق مخالف کی نمائندگی اسرائیل فرسٹ سوچ رکھنے والے عناصر کریں تو کسی مثبت پیش رفت کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسی صورت میں ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں دفاعی حکمت عملی جاری رکھے گا۔







