ایرانی خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے امریکہ اور اسرائیل کو کبھی گزرنے نہیں دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ جنگ کے آغاز اور اس کے پھیلاؤ کا غلط اندازہ لگایا، اور اگر تنازع بڑھا تو اس کا نقصان بھی انہی کو ہوگا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایران ہر قسم کی کشیدگی کے لیے تیار ہے۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال اب کبھی پہلے جیسی نہیں ہوگی، ایران کی پاسدارانِ انقلاب نیوی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ اسٹریٹجک گزرگاہ اب خاص طور پر امریکہ اور اسرائیل کے لیے اپنی سابقہ حالت میں واپس نہیں آئے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نیوی کمانڈ نے کہا کہ اس اہم بحری راہداری پر غیر ملکی بالادستی کا دور ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ علاقائی پیش رفت نے طاقت کے توازن کو بدل دیا ہے اور بیرونی قوتوں، خصوصاً امریکہ کی ایران کے قریبی سمندری علاقوں میں اثر رسوخ محدود ہو گیا ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اگر شہری اہداف پر حملے کیے گئے تو ایران کی طرف سے اس کا دگنا جواب دیا جائے گا۔






