اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے سائفر کیس میں ان کیمرہ ٹرائل پر فوری حکم امتناعی کی درخواست کی گئی تھی۔
تیرہ دسمبر کو عمران اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر دوسری بار فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد خصوصی عدالت (آفیشل سیکرٹس ایکٹ) نے گزشتہ ہفتے اڈیالہ جیل میں نئے سرے سے مقدمے کی سماعت شروع کی تھی۔
جمعہ کو سپریم کورٹ نے عمران خان اورشاہ محمود قریشی کی بعد از گرفتاری ضمانتیں منظور کی تھیں۔ عمران خان دیگر مقدمات میں قید ہیں، توقع تھی کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کو رہا کر دیا جائے گا۔ تاہم، شاہ محمود قریشی کو کل پنجاب پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر 9 مئی جی ایچ کیوحملہ کیس میں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
گزشتہ ہفتے، عمران نے اڈیالہ جیل میں چلائے جانے والے مقدمے کی سماعت اور اس کے بعد ہونے والی پیش رفت کو چیلنج کیا تھا ۔ انہوں نے سائفر ٹرائل پر فوری روک لگانے کی بھی درخواست کی تھی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
آج کارروائی کے آغاز پر پی ٹی آئی کے وکیل سلمان عثمان گل نے سائفر ٹرائل پر فوری حکم امتناعی کی درخواست کی۔ تاہم، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےدرخواست مسترد کر دی ۔ انہوں نے ریمارکس دیے پہلے جواب دہندگان کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی درخواست پر جواب طلب کر لیا۔ عدالت نےکیس کے تمام دستاویزات بھی جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔
ایک موقع پر جسٹس اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا کوئی بااختیار سرکاری افسر براہ راست عدالت سے رجوع کر سکتا ہے اور شکایت درج کر سکتا ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کی روزانہ سماعت ہو رہی ہے۔ اب تک، 25 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں اور تین سے جرح کی گئی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ کیس میں کل 28 گواہ تھے۔
عثمان گل نے یہ بھی استدعا کی کہ آئی ایچ سی خصوصی عدالت کو پانچ سے چھ دن کے بعد مقدمے کی سماعت کرنے کی ہدایت کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خصوصی عدالت اس دوران مقدمے کی سماعت مکمل کر سکتی ہے۔
تاہم جسٹس اورنگزیب نے کہا کہ عدالت پہلے نوٹس جاری کر رہی ہے اور سماعت ملتوی کر دی گئی۔
اس سے قبل عدالت نے ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کیے تھے ۔