وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کو دو ہفتوں میں رہا کرانے کے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پرسخت ردعمل دیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ اپنے الفاظ پر قائم رہنا اور 15 دن میں اپنے لیڈر کو رہا کروانا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ کے پی کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی تقریر پر ردِ عمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ علی امین کی طرف سے بنگلادیش کا حوالہ دیا گیا اور پشتونوں کا لشکر لے کر پنجاب پر حملہ آور ہونے کی دھمکی دی گئی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس شخص سے اپنے حلقے میں امن قائم نہیں ہوتا۔ اگر اس کے پاس اتنے لشکر ہیں تو یہ دہشت گردی کنٹرول کر لے یا پھر یہ مان لے کہ یہ دہشت گردوں کے حلیف ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ علی امین کو اپنی تقریر میں یہ بھی بتانا چاہیے تھا کہ وہ پہلی بار شہباز شریف کو ملنے کس کی ہدایت پر آئے تھے۔ علی امین گنڈاپور جلسے میں رنگ بازی کرتے ہیں۔
انہوں نے علی امین گنڈاپور کو چیلنج دیا کہ اپنے الفاظ پہ قائم رہنا اور 15 دن میں اپنے لیڈر کو رہا کرا کر دکھانا۔
خیال رہے کہ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرعمران خان کو 15 دن میں نہ چھوڑا گیا تو خود رہا کرائیں گے۔






