لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں اور پی پی پی سے کہا کہ وہ مرکز میں مشترکہ طور پر حکومت بنا لیں۔
سعد رفیق نے ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی میں کسی کے پاس مطلق اکثریت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تشکیل مسلم لیگ کی نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین پہل کریں، پی پی پی کے ساتھ مشترکہ مرکزی حکومت بنائیں۔ ہم آپ کو مبارکبادکہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو کانٹوں کا یہ تاج پہننے کی کوئی خواہش نہیں۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تین بار کے وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پارٹی کے بیشتر رہنماؤں نے مشورہ دیا کہ مسلم لیگ (ن) کو وفاقی حکومت نہیں بنانا چاہیے اور صرف پنجاب پر توجہ دینی چاہیے۔
تاہم، ان میں سے کچھ نے دوسری دلیل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سنگین معاشی بحران کا سامنا ہے اور ریاست کو بچانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اتحادی جماعتوں کی طرف سے محض مرکز میں اقتدار میں آنے کی خاطر پیش کیا گیا کوئی بھی غیر اصولی مطالبہ تسلیم نہیں کرنا چاہیے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.







