اگر کسی سنسنان جگہ پر کتوں سے سامنا ہو جائے تو ان کے حملے یا کاٹنے کی پیشگوئی درجہ حرارت دیکھ کر کرنا ممکن ہے۔
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں 2009 سے 2018 کے دوران 8 شہروں میں کتوں کے حملے کے 69 ہزار 525 واقعات کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جب موسم گرم ہوتا ہے تو کتوں کی جانب سے حملے یا کاٹنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ بارش کے موسم میں یہ امکان کم ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ درجہ حرارت بڑھنے سے کتے زیادہ جارحیت پسند ہو جاتے ہیں۔
تحقیق کے دوران کتوں کے کاٹنے کے واقعات، درجہ حرارت اور فضائی آلودگی کی شرح کے درمیان تعلق کو دیکھا گیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی جائزہ لیا گیا کہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعیں، بارش یا برفباری سے کتوں کے رویے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق زیادہ الٹرا وائلٹ شعاعوں والے دنوں میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں 11 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ فضائی آلودگی کی شرح بڑھنے پر 3 فیصد زیادہ حملے ہوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ گرم موسم، سورج کی تیز روشنی اور اسموگ والے ماحول کے دوران کتوں کے انسانوں پر حملوں کی شرح بڑھ جاتی ہے، اس کے مقابلے میں بارش ہونے پر یہ حملے کسی حد تک کم ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے دیگر عناصر بھی کردار ادا کرتے ہیں جیسے کتوں کی نسل، جنس یا دیگر، مگر موسم بھی ایک اہم عنصر ہے۔












