Premium Content

معروف اداکار قوی خان کا کینیڈا میں انتقال

Print Friendly, PDF & Email

فلم اورٹی وی کے معروف اداکار قوی خان 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

اداکار قوی خان اپنے صاحبزادے عدنان قوی کے ساتھ کینیڈا میں مقیم تھے جہاں ان کا انتقال ہوا، اداکار قوی کینیڈا کے وان شہر کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

بیٹے عدنان قوی خان نے والد کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ جگر کے کینسر میں مبتلا تھے، ان کی نماز جنازہ اور دیگر تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

قوی خان نے اپنا کیرئیر ریڈیو پاکستان سے شروع کیا تھا، انہوں نے بے شمار ٹی وی، ریڈیو اور اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے کم و بیش 200 فلموں میں کام کیا۔

قوی خان کو 1980 میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، اس کے علاوہ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے نامور اداکار محمد قوی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: https://republicpolicy.com/adakara-neelo-begum-ko-bechry-2-saal/

وزیراعظم نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوی خان نے فلم، ٹی وی،اسٹیج اور ریڈیو پر اپنے فن کا لوہا منوایا، تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز قوی خان کی صلاحیتوں کا ریاستی اعتراف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں میں تین اور اندھیرا اجالا میں قوی خان کی اداکاری عوام کے ذہنوں میں آج بھی زندہ ہے، ان کی وفات پاکستان کے فن کے شعبے کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔

اس کے علاوہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی اداکار قوی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوی خان کے انتقال سے اداکاری کا سنہری دور ختم ہوا، انہوں نےاپنی ورسٹائل اداکاری سےٹی وی ڈراموں کونئی جہت دی۔

نگران وزیراطلاعات  پنجاب عامر میر  نے اداکار قوی خان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوی خان ہمہ گیر شخصیت اور عظیم فنکار تھے، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہ کیا جا سکے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos