Premium Content

میانوالی کا تعارف

Print Friendly, PDF & Email

تحریر: حفیظ اللہ خان خٹک

میانوالی دریائے سندھ کےمشرق میں واقع ایک قدیم شہر ہے۔  اس شہرکی بنیاد 1868 میں ایک روحانی بزرگ سید میاں علی صاحب جو کہ عراق کے شہر بغداد سے ہجرت کر کے آئے تھے ، انہوں  نے رکھی، اور اُن کے نام کی نسبت سے ہی اس شہر کا نام میانوالی رکھا گیا۔ اُن کے وفات کے بعد اُن کے فرزند حضرت سید سلطان محمد زکریا نے اُن کی گدی سنبھالی۔  حضرت سید سلطان وہاں پر موجود قبائل بالخصوص پشتون قبیلوں میں بہت شہرت رکھتے ہیں۔ پشتونوں کے قبائل میں موجود جھگڑوں کو مصالحت سے حل کروانے کی وجہ سے بہت اہمیت کے حامل تھے۔ سید میاں علی صاحب کی اولاد کو آج بھی میانوالی میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اُنیس سو ایک سے قبل میانوالی خیبر پختوانخوہ کے ضلع بنوں کاحصہ تھا۔ بعد ازاں اسے 1901 میں بنوں سے علیحدہ کر کے پنجاب میں شامل کر لیاگیا۔ صوبہ خیبرپختوانخوہ میں داخل ہونےسےپہلےمیانوالی سرحد کے اعتبار سےپنجاب کا آخری ضلع ہے ، اس کی سرحدیں صوبہ خبیر پختوانخوہ کے اضلاع کوہاٹ، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان سے جاملتی ہیں جبکہ پنجاب کےاضلاع چکوال، اٹک، بھکر اور خوشاب سے ملتی ہیں

میانوالی پاکستان کا واحد ضلع ہے جس میں صحرا، دریا، جنگل، میدان اور  پہاڑ موجود ہیں۔ ضلع میانوالی معدنیات کے اعتبار سے مالا مال ہے۔ اس ضلع میں موجود سرخ کے رنگ پہاڑ دنیا کے بہترین نمک سے مزین ہیں۔ میانوالی کے پہاڑوں بالخصوص کالاباغ کی  پہاڑیوں سےعمدہ کوالٹی کا نمک نکالا جاتا ہے جو کہ ملکی ضروریا ت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت کو بین الاقوامی سطح پر بھی استحکام  فراہم کرتا ہے۔ نمک  کے علاوہ بھی میانوالی کے پہاڑوں سے کوئلہ، جپسم، چونا، سلکان اور دوسری کئی اقسام کی معدنیات نکالی جاتی ہیں۔

ضلع میانوالی کو انتظامی طور پر تین تحصیلوں میں تقسیم کیا گیاہےجو کہ میانوالی، عیسا خیل اور پپلاں ہیں۔ یہ شہر قبائل پر مشتمل ہے  ان قبائل میں بڑے قبیلے نیازی ، اعوان اور خٹک ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر قبائل بھی اس شہر میں آباد ہیں۔ نیازی بھی پشتونوں کا ہی قبیلہ ہے جس کا ارتقاء افغانستان اور پاکستان کے پشتون قبائل یوسف زئی اور اورکزئی سے ہوا۔ میانوالی میں زیادہ تر  تین زبانیں بولی جاتی ہیں  سرائیکی، پشتوا ور پنجابی۔ سب سے زیادہ مشہور زبان جو اس شہر میں بولی جاتی ہے وہ سرائیکی ہے۔ تاہم،  1998کی مردم شماری کے مطابق سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان پنجابی ہے اس کے بعد سرائیکی  اور پھر پشتو بالترتیب سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانیں ہیں۔

میانوالی سیاسی اعتبار سے بھی بہت اہمیت کا حامل شہر ہے۔ سابق وزیراعظم پاکستان  اور چیئرمین تحریک انصاف کا تعلق بھی اسی شہر سے ہے۔ وہ جنرل الیکشن 2018 میں قومی اسمبلی کی نشست 95 سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور بعد ازاں وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے۔ پاکستان تحریک انصاف یہاں کے لوگوں میں مقبول ترین سیاسی  جماعت ہے۔ سابق گورنر ویسٹ پنجاب لیٹ امیر محمد خان جواعوان قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں  کا تعلق بھی میانوالی سے تھا اور وہ نواب آف کالاباغ سے مشہور تھے۔  اس کے علاوہ یہاں کی مشہور شخصیات میں عبیداللہ خان جنہوں نے 2018 کے الیکشن میں عمران خان کے مد مقابل الیکشن لڑا، حمیر حیات خان روکھڑی ، سبطین خان،  سپیکر صوبائی اسمبلی پنجاب، امجد خان نیازی،عطاء اللہ خان، سابق کپتان و کرکٹر مصباح الحق، نائب کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاداب خان شامل ہیں۔

یونیورسٹی آف برڈ فورڈ انگلینڈ سے الحاق شدہ یونیورسٹی نمل بھی میانوالی میں قائم ہے۔ نمل یونیورسٹی تلہ گنگ میانوالی روڈ  سے منسلک نمل جھیل کے قریب واقع ہے۔پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نمل یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ہیں۔ حال ہی میں کیڈٹ کالج کا قیام میانوالی کے ایک گاؤں ٹولہ منگ لی میں ہوا ہے۔

دفاعی اعتبار سے بھی میانوالی شہر کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔پاکستان ایم  ایم عالم ائیر فورس بیس  جو کہ جنگی جہازوں کے اعتبار سے  بہت اہم ہےبھی یہاں موجود ہے۔ چائنہ کے اشتراک سے چلنے والا چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ جو ملک میں انرجی کی ضرورت پورا کرنے کے لیے اہم ہےمیانوالی کے ایک مقام چشمہ میں موجود ہے۔

چونکہ ضلع میانوالی پہاڑوں پر مشتمل پنجاب کا آخری ضلع ہے اور اسکی سرحدیں خیبر پختوانخوہ کے کئی اضلاع سے ملتی ہیں اس وجہ سے اس شہر کے راستوں سے سمگلنگ بھی ہوتی ہے۔ دوسرے الفاظ میں پنجاب میں غیرقانونی اسلحے، منشیات اور دیگر غیر قانونی اشیاء کی رسائی کا گیٹ وے بھی ہے۔ گورنمنٹ کو ان  غیر قانونی اشیاء کی پنجاب میں فراہمی کی  روک تھام کےلیے مناسب اقدامات کرنے چاہیے۔

38 thoughts on “میانوالی کا تعارف”

  1. Hafeezullah bro you did an awesome attempt but it can be elaborated little bit more and i suggest to add pics of places you described reference to the context. Overall very good job. Keep it up. Stay blessed dear brother. May bless you with success.
    Regards.

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos