ایران کے اعلیٰ عہدے دار علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے دباؤ کے باوجود اپنی پوزیشن مضبوطی سے قائم رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک سے سوال کیا کہ وہ اس تنازع میں کس طرف کھڑے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق، لاریجانی نے مسلم دنیا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی جدوجہد میں ڈٹ کر کھڑا ہے اور مسلم ممالک کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس جانب ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایران پر حملے کے وقت مسلم اکثریتی ممالک کی جانب سے حمایت نہیں ملی۔
لاریجانی نے مزید واضح کیا کہ ایران خاموشی سے ہاتھ باندھے کھڑا نہیں رہ سکتا اور خطے میں اپنے دفاع اور موقف کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ ان کے بقول، آج کی اصل جنگ میں امریکا اور اسرائیل ایک طرف ہیں اور ایران اور مزاحمتی قوتیں دوسری طرف۔
ایرانی رہنما نے مسلم ممالک کو اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے پر قبضہ نہیں چاہتا بلکہ امت مسلمہ کو متحد دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور اسرائیل وفادار نہیں بلکہ خطے کے لیے دشمن ہیں، اور مسلم ممالک کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے۔









