غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری رہیں گی، نیتن یاہو

[post-views]
[post-views]

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے مقبوضہ بیت المقدس کے ہرزل قبرستان میں منعقدہ ایک یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ خطے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے، مگر اسرائیل اپنے مقاصد کے حصول تک فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ لڑائی صرف اسرائیل کی بقا کے لیے نہیں بلکہ تہذیب اور بربریت کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ ہے، اور اسرائیل اس جنگ میں صفِ اوّل پر موجود ہے۔ ان کے بقول، اسرائیل کسی بھی صورت اپنی سلامتی یا شہریوں کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کا بنیادی ہدف غزہ میں موجود تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشوں اور باقیات کی واپسی ہے، تاکہ ان کے اہلِ خانہ کو سکون مل سکے۔

اس سے قبل اسرائیلی حکومت کی ترجمان نے بیان دیا تھا کہ حماس کو اپنے وہ وعدے پورے کرنے ہوں گے جو اس نے ثالثی کے ذریعے کیے تھے۔ اسرائیل کسی بھی تاخیر یا پس و پیش کو قبول نہیں کرے گا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حکومت ہر قیمت پر اپنے شہریوں کی واپسی یقینی بنائے گی۔

دوسری جانب حماس نے وضاحت کی کہ جن یرغمالیوں کی لاشیں دستیاب تھیں وہ اسرائیل کے حوالے کر دی گئی ہیں، تاہم کئی لاشیں اب بھی غزہ کی تباہ شدہ سرنگوں اور ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ حماس کے مطابق ان باقیات کی بازیابی کے لیے خصوصی آلات اور مناسب وقت درکار ہے، لیکن اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے یہ عمل تاخیر کا شکار ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos