پاکستان نے بھارت کے میزائل حملوں کے جواب میں بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی ہے، جسے ‘آپریشن بنیان المرصوص’ کا نام دیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں پاکستانی میزائلوں کو ان بچوں کے نام دیے گئے ہیں جو بھارتی حملوں میں شہید ہوئے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق، پاکستان نے بھارت کے بیاس علاقے میں براہموس میزائل کے ذخیرے کو تباہ کیا، اودھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، اور ادھم پور سے فائر ہونے والے میزائلوں کی جگہوں کو نشانہ بنایا۔ پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے ادھم پور میں بھارت کے جدید S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی تباہ کیا۔
علاوہ ازیں، راجوڑی میں بھارتی ملٹری انٹیلی جنس سینٹر، سرسا ایئر فیلڈ، نگروٹا اور بھمبھر گلی میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز بھی تباہ کیے گئے۔ بھارت کی کئی اہم ویب سائٹس بھی ہیک کر لی گئیں جن میں بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ اور بارڈر سیکیورٹی فورس شامل ہیں۔
وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی حکمت عملی کے تحت 26 بھارتی مقامات پر حملے کیے، اور بھارت کو پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا کہ اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان نے بھارت کے تین فضائی اڈوں پر میزائل حملے کو ناکام بنایا تھا، اور اب جوابی کارروائی کے تحت بھارت کو واضح پیغام دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا تاکہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔