پاکستان اور بنگلہ دیش نے ایک اہم سفارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتکاروں اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے اہلکار اب ایک دوسرے کے ملک میں بغیر ویزا سفر کر سکیں گے۔ اس فیصلے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے کے مطابق بنگلہ دیش کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد پاکستان کے لیے ویزا حاصل کرنے کے پابند نہیں ہوں گے اور اسی طرح پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو بھی بنگلہ دیش جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف سفارتی سطح پر روابط میں آسانی پیدا ہو گی بلکہ سرکاری معاملات میں بھی تعاون کو فروغ ملے گا۔
یہ معاہدہ ڈھاکہ کے علاقے تَیج گاؤں میں چیف ایڈوائزر کے دفتر میں ہونے والے اجلاس کے دوران طے پایا۔ اجلاس میں ایڈوائزری کونسل کمیٹی نے پالیسی کا جائزہ لینے کے بعد اسے حتمی منظوری دی۔ اس فیصلے کو دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیش نے یہ معاہدہ ابتدائی طور پر پانچ سال کے لیے کیا ہے، جس کے بعد اس میں توسیع کی بھی گنجائش موجود ہے۔ اس وقت بنگلہ دیش کے 30 ممالک کے ساتھ اس نوعیت کے ویزا فری معاہدے موجود ہیں، اور پاکستان کے ساتھ اس معاہدے کے بعد یہ تعداد 31 ہو گئی ہے۔
پاکستانی حکومت نے بھی اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات، تجارتی روابط اور علاقائی تعاون میں مزید بہتری آئے گی۔