امریکا کی نئی تجارتی پالیسی، پاکستان کو بھارت پر سبقت

[post-views]
[post-views]

امریکا نے اپنی نئی تجارتی ٹیرف پالیسی کے تحت پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں نمایاں رعایت دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے اعلان کے مطابق پاکستان پر صرف 19 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے، جبکہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف نافذ ہوگا۔ یہ رعایت اس بات کا مظہر ہے کہ خطے میں پاکستان کو امریکا کی جانب سے ایک ترجیحی پوزیشن دی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے اعداد و شمار کے مطابق بنگلادیش پر 20 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں جنوبی ایشیا کے تین بڑے ممالک میں پاکستان کو سب سے زیادہ رعایت حاصل ہوئی۔ دیگر ممالک میں جنوبی افریقا پر 30 فیصد، سوئٹزرلینڈ پر 39 فیصد اور ترکیہ پر 15 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کے قریبی اتحادی اسرائیل پر بھی 15 فیصد ٹیرف نافذ کیا گیا۔

امریکی پالیسی اختلافات کے سبب کینیڈا پر ٹیرف بڑھا کر 35 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 10 فیصد ٹیرف برطانیہ، برازیل اور فاکلینڈ آئی لینڈز پر عائد ہوا ہے، جبکہ 15 فیصد ٹیرف ترکیہ، اسرائیل، جاپان، افغانستان اور متعدد افریقی و لاطینی امریکی ممالک پر نافذ کیا گیا ہے۔ نکاراگوا پر 18 فیصد، جبکہ پاکستان جیسے 19 فیصد ٹیرف والے ممالک میں انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا شامل ہیں۔

اسی طرح، بنگلادیش جیسے 20 فیصد ٹیرف والے ممالک میں سری لنکا، ویتنام اور تائیوان شامل ہیں۔ 25 فیصد ٹیرف کی فہرست میں بھارت، قازقستان، تیونس اور مالدوا شامل ہیں، جبکہ 30 فیصد ٹیرف الجزائر، لیبیا، بوسنیا ہرزیگوینا اور جنوبی افریقا پر عائد ہوا ہے۔ میانمار اور لاوس پر 40 فیصد اور شام پر سب سے زیادہ 41 فیصد ٹیرف نافذ کیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، بھارت کے مقابلے میں پاکستان کو رعایت دینا پاکستان کی مدبرانہ اور مؤثر خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔ یہ کامیابی فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے رابطوں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی واشنگٹن میں مصروفیات اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت سے ملاقاتوں کے بعد حاصل ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس تجارتی رعایت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی برآمدات اور تجارتی حکمت عملی کو مؤثر انداز میں ترتیب دینا ہوگا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos