روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر رات کے اندھیرے میں بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ولادیمیر زیلنسکی نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں 2 بچوں سمیت 10 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 38 افراد زخمی ہوئے۔ حملے کے دوران سات مختلف اضلاع میں رہائشی عمارتوں سمیت دیگر ڈھانچوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
یوکرینی صدر نے روس پر نئی اقتصادی پابندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ماسکو کو حقیقی سفارتکاری سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ان کے بقول روس مذاکرات کی میز کے بجائے بیلسٹک میزائلوں کا انتخاب کر رہا ہے اور جنگ ختم کرنے کے بجائے مسلسل خونریزی جاری رکھے ہوئے ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ روسی جارحیت کا مؤثر جواب دے اور یوکرین کے ساتھ کھڑی ہو تاکہ ماسکو پر مزید دباؤ ڈالا جا سکے۔