آئی ایس پی آر کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے ادارے نے بلوچستان کے ضلع کچھی اور قلات میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر دو الگ کارروائیوں میں بھارت کے حمایت یافتہ گروہ “فتنہ الہندوستان” کے سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
مچھ کے علاقے میں جھڑپ کے دوران پانچ، جبکہ مرگند (قلات) میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ یہ عناصر ملک میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ بھارت کی پراکسی جنگ اب عیاں ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایسے ٹھوس شواہد موجود ہیں جو بلوچستان میں بھارتی مداخلت کو ثابت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن کے ہر منصوبے کو ناکام بنائے گا، چاہے وہ اندرونی ہو یا بیرونی۔