امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو غیر مسلح ہونا ہوگا، اور اگر اس نے ایسا نہ کیا تو امریکا خود یہ اقدام کرے گا، جس کے نتیجے میں صورتحال پُرتشدد بھی ہوسکتی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ حماس نے غیر مسلح ہونے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
اسی دوران امریکی صدر نے غزہ جنگ بندی منصوبے کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ اعلان بھی کیا ہے۔
واشنگٹن سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کے تمام 20 مغوی واپس آچکے ہیں، تاہم ابھی عمل مکمل نہیں ہوا کیونکہ کچھ ہلاک مغویوں کی لاشیں اب تک واپس نہیں کی گئیں جیسا کہ وعدہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ اب شروع ہو رہا ہے، جو دیرپا امن کی طرف ایک نیا قدم ہے۔
ادھر حماس نے مزید چار مغویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر آٹھ لاشیں واپس کی جا چکی ہیں، جبکہ مزید چار کی واپسی آج متوقع ہے۔