ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں، جبکہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک مضبوط اور باصلاحیت عسکری رہنما قرار دیا۔
واشنگٹن میں منعقدہ غزہ امن بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے دوران 11 طیارے مار گرائے گئے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر ایک بار پھر پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اپنے خطاب میں ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک مضبوط، باہمت اور مؤثر کمانڈر قرار دیا اور کہا کہ انہیں ایسے رہنما پسند ہیں جو سخت حالات میں ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے پاک بھارت تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صورتحال سنگین رخ اختیار کر رہی تھی، تاہم امریکہ نے سفارتی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح پیغام دیا گیا تھا کہ اگر کشیدگی کم نہ کی گئی تو سخت تجارتی اقدامات، بشمول بھاری ٹیرف، زیرِ غور آئیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس تنازع کے دوران 11 جنگی طیارے تباہ ہوئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی کوششوں سے آٹھ جنگوں کے خاتمے میں کردار ادا کیا جبکہ ایک اور تنازع اپنے انجام کے قریب ہے۔ ان کے بقول، پائیدار امن کے قیام کے لیے غزہ امن بورڈ ایک مؤثر اور اہم پلیٹ فارم ہے، جس میں دنیا کے نمایاں ممالک شریک ہیں، اور اس کے اہداف اور اہمیت کے پیشِ نظر اس کا کوئی متبادل موجود نہیں۔






