امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کینیڈا نے چین کے ساتھ کوئی معاہدہ کیا تو وہ کینیڈین مصنوعات پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دیں گے۔
ٹرمپ نے یہ بیان سوشل میڈیا پر جاری کیا اور کہا کہ اگر کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی یہ سوچتے ہیں کہ وہ کینیڈا کو چین کی مصنوعات کے لیے ایک ڈراپ پورٹ بنا دیں گے، تو وہ سخت غلط فہمی میں ہیں۔ ان کے مطابق، چین کینیڈا کے کاروبار، سماجی ڈھانچے اور طرزِ زندگی کو مکمل طور پر متاثر کر دے گا۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں اگر کینیڈا نے چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کیا، تو امریکہ فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔
یاد رہے کہ کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی نے امریکا کی جانب سے گرین لینڈ پر ممکنہ ٹیرف کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ یہ ناقابل قبول ہیں۔ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ کینیڈا آرکٹک میں سلامتی اور خوشحالی کے لیے بامقصد مذاکرات کا حامی ہے اور گرین لینڈ اور ڈنمارک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔













